وزیراعظم عافیہ کی واپسی کی کوشش کریں،فوزیہ صدیقی


اسلام آباد: ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم  تعاون کریں اورعافیہ کو واپس لانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی جو ایک خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی بیٹی نے پکارا ہے تو حکومت ضرور تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عافیہ کی واپسی ناممکن چیز نہیں، قانونی طورطریقوں کو اپناتے ہوئے انہیں وطن واپس لانا ممکن ہے اوراس کے لیے دونوں ممالک کو کسی قسم کا دوطرفہ معاہدہ کرنے کی ضرورت نہیں۔

ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہا کہ یہ قدم اٹھانے کے لیے پاکستانی قیادت کی جانب سے محض سیاسی عزم کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں اس حکومت سے زیادہ توقعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے پندرہ سال سےعافیہ صدیقی وہاں قید ہیں لیکن کوئی حکومت کچھ نہیں کرسکی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے دورہ امریکہ میں عافیہ صدیقی سے ملاقات نہ کرنا افسوسناک ہے لیکن اب بھی عافیہ کو اس حکومت سے اچھی توقعات ہیں۔


متعلقہ خبریں