آئی ایم ایف کے پاس پہلے جانا چاہیے تھا، ڈاکٹر حفیظ پاشا


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو بہت پہلے ہی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) سے رجوع کر لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائرخطرناک حد تک کم ہو چکے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “بڑی بات” میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ پاشا نے کہا کہ  آئی ایم ایف وفد کے پاکستان آنے سے قبل وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا یہ بیان دینا کہ سعودی عرب اور چین کی مدد کی بدولت پاکستان کے معاشی حالات اب بہتر ہو چکے ہیں، یہ ان کا صرف اپنی مذاکراتی پوزیشن کو اچھا دکھانے کے مترادف تھا۔

سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد کا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ایوان میں تمام عوامی نمائندوں کو ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مناسب الفاظ کا چناؤ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں عدم برداشت بہت بڑھ رہی ہے جو خطرناک ہے۔

سینئر سیاستدان وسیم سجاد کا کہنا تھا کہ ایوان میں موجود سینیئرو مہذب سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور ماضی کے تجربے کے پیش نظر رکھتے ہوئے ایوان کے بگڑے ماحول کو آئندہ کے اجلاس میں نظم و ضبط کے دائرے میں لائیں۔

امریکہ میں مڈ ٹرم انتخابات کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی عادل نجم کا کہنا تھا کہ آج کے دن امریکہ کی سیاست تو نہیں بدلی لیکن 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے مہم کا آغاز ضرور ہوگیا ہے۔

پروگرام کے میزبان عادل شاہ زیب کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہمان صحافی ارشد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات میں 24 کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں نہایت افسوس ناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے لیکن اس پر شفاف انداز میں کام کیا جائے۔


متعلقہ خبریں