دفترخارجہ نے آسیہ مسیح کی بیرون ملک روانگی کی تردید کردی



اسلام آباد: پاکستانی دفترخارجہ نے آسیہ مسیح کی بیرون ملک روانگی سے متعلق میڈیا میں چلنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آسیہ بی بی پاکستان میں ہی موجود ہے اور بیرون ملک روانگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے آسیہ مسیح کی بیرون ملک روانگی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیڈلائنز بنانے کے لئے جعلی خبروں کی اشاعت وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کے ملک چھوڑ جانے کی خبر انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آسیہ بی بی کا کیس بہت حساس معاملہ ہے، میڈیا کے ایک حصے سے کہتا ہوں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

پنجاب کے وزیر برائے اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آسیہ مسیح جیل سے رہائی کے بعد ملتان پہنچ گئی ہیں۔

آسیہ مسیح کی جیل سے رہائی کے بعد ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ فیض آباد کے مقام پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب ذرائع ابلاغ میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ آسیہ مسیح جیل سے رہائی کے بعد بیرون ملک روانہ ہوگئی ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 31 اکتوبر 2018 کو توہین رسالت کیس میں سزائے موت پانے والی آسیہ مسیح کو بری کردیا تھا جس کے ردعمل میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

تحریک لیبک پاکستان کی جانب سے کئی روز تک دھرنا بھی دیا گیا۔ احتجاج ختم کرنے کے لیے حکومت اور مظاہرین کے مابین ہونے والے معاہدے میں یہ شرط بھی شامل تھی کہ آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا اور کیس پر نظر ثانی کی اپیل بھی دائر کی جائے گی۔

آسیہ بی بی مبینہ طور پر جون 2009 میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی مرتکب ہوئی تھی۔ آسیہ بی بی کو نومبر 2010 میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزائے موت سنا دی تھی۔

سزا کے خلاف آسیہ بی بی نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا لیکن ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزا کو برقرار رکھا جس کے بعد آسیہ بی بی نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کر دی تھی جس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین رسالت کیس میں سزائے موت پانے والی آسیہ مسیح کو بری کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں