فلیگ شپ کیس:حسن نواز کی جائیداد کی تفصیل عدالت میں پیش

فلیگ شپ کیس،حسن نواز کی جائیداد کی تفصیل عدالت میں پیش | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نیب کی جانب سے حسن نواز کی جائیداد سے متعلق دستاویزات پیش کردی گئی ہیں۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی۔ سماعت شروع ہوتے ہی نواز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔

نیب افسر کی جانب سے ایون فیلڈ ہاؤس سے متعلق لینڈ رجسٹری کا کورنگ لیٹر اور رجسٹر آف ٹائٹل کی آفیشل کاپی بھی عدالت میں پیش کی گئی۔

احتساب عدالت میں جمعرات کے روز ہونے والی کارروائی کے دوران نیب نے برطانیہ کے لینڈ رجسٹری ڈیپارٹمنٹ کا تفتیشی افسر کو لکھا گیا خط بھی پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق سٹین ہوپ ہاؤس میں گراونڈ فلور پر دفتر کی رجسٹری، 15چیمبر سٹریٹ لندن میں ‘فیٹلر اینڈ فرکن’ میں رجسٹری کی کاپی، ایج وئیر روڈ پر فلیٹ نمبر 8اور فلیٹ نمبر 121سے 125تک کی رجسٹری، ایج وئیر روڈ پر پارکنگ کی جگہ کی رجسٹری

اور کیڈا گون سکوئر لندن میں فلیٹ نمبر 4کی رجسٹری بھی عدالت میں پیش کی گئی ہے۔

محمد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

فلیگ شپ ریفرنس میں تفتیشی افسر محمد کامران اپنا بیان ریکارڈ کر رہے ہیں۔ محمد کامران نے عدالت کو بتایا کہ 10 فروری 2018 کو شاہد محمود کا بیان ریکارڈ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد محمود نے مجھے سرکاری ٹی وی سے نواز شریف کی تقاریر کی سی ڈی اور ڈی وی ڈی فراہم کیں، نواز شریف کا قوم سے خطاب اور قومی اسمبلی کا خطاب شامل ہے۔ دونوں تقاریر کی ٹرانسکرپٹ بھی شاہد محمود نے فراہم کیے۔ اس موقع پر خواجہ حارث کے معاون وکیل نے کہا کہ ان کا اعتراض لکھا جائے۔

جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ ہر بات پر آپ لوگوں کو اعتراض ہے، پہلے جملہ مکمل ہونے دیں بعد میں اپنا اعتراض لکھوا لیں۔

فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی ہو گئ۔ کل کی سماعت میں بھی  تفتیشی افسر محمد کامران اپنا بیان رکارڈ کرانا جاری رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں