امریکی صدر برہم، سی این این کے رپورٹر کا ’پریس پاس‘ معطل

فوٹو: پیپل۔کوم


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کے معروف رپورٹر جم اکوسٹا کا ’میڈیا پاس‘ معطل کر دیا۔

بدھ کے روز ہوئی پریس کانفرنس کے دوران سی این این کے رپورٹر جم اکوسٹا کے امریکہ میں مقیم مہاجرین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برہم ہوگئے اور ان سے مائیک واپس لینے کا حکم دے دیا۔

امریکی صدر کے حکم کے فوری بعد وائٹ ہاؤس میں اپنی ڈیوٹی پر مقیم خاتون رپورٹر سے مائیک لینے آئی جس پر جم اکوسٹا نے ان کو مائیک دینے سے معذرت کی اور اپنی بات جاری رکھی۔

جم اکوسٹا کے خاتون کو مائیک نا دینے کے ردعمل پر امریکی صدرمزید بھڑک گئے اور جم اکوسٹا کو خوب ڈانٹ سنائی، ڈونلڈ ٹرمپ نے جم اکوسٹا کو ایک نہایت بدتمیز شخص قرار دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ سی این این کے پاس جم اکوسٹا جیسا رپورٹر ہونا ادارے کے لیے شرمندگی کا مقام ہے۔

بدھ کے روز ہوئی اس پریس کانفرنس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سی این این کے رپورٹر کا وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے کے لیے استعمال ہونے والا ‘پریس پاس‘ معطل کر دیا گیا۔

امریکی صدر کی پریس کانفرنس کے کچھ گھنٹوں بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے ٹوئٹر پر جم اکوسٹا کے خلاف پوسٹ لگائی جس میں انہوں نے جم اکوسٹا کی وائٹ ہاؤس میں کام کرنے والی خاتون سے بدتمیزی کرنے پر غصے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آذادی صحافت کے قائل ہیں اور تنقیدی سوالات برداشت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، مگر کسی خاتون کے ساتھ ہوئی بدتمیزی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

سی این این کے صحافی جم اکوسٹا نے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کی ٹوئٹ کی وضاحت کے لیے مختصر الفاظ کا استعمال کیا ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک جھوٹ ہے‘۔


متعلقہ خبریں