حکومت مک مکا نہیں کرے گی، فواد چوہدری

آسیہ کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات


اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سب کو مک مکے کی عادت ہے اوراب ایسا نہیں ہورہا۔ مسئلہ سارا یہ ہے کہ یہ حکومت مک مکا نہیں کرے گی۔

انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  ان سے کوئی سوال جواب نہ کیا جائے تو سب ٹھیک رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مل کر کھیلنے والا سسٹم ختم ہوچکا ہے۔ جس نے اداروں کو تباہ کیا ان کا احتساب کیا جائے گا اور لازمی کیا جائے گا۔ کابینہ کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کا لائحہ عمل بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسیہ کے معاملے پرتاثردیا گیا کہ آسیہ بی بی کوغیر ملکی سفیر لے کر چلا گیا ہے۔ آسیہ بی بی کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، کسی کے کہنے پر کچھ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ صحافت کا جائزہ لے رہے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کا لائحہ عمل بنایا ہے۔ متروکہ وقف املاک کی اربوں روپے کی املاک ہیں اسی لیے اس کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ احمد نواز سکھیرا سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹری ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لبرٹی ائیر لائن کو لائسنس کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ایس ای سی پی کا نیا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ ٹیکس کے بارے میں پالیسی وضع کرنے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا  جس سے ادائیگیوں کے توازن کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملی۔


متعلقہ خبریں