زمبابوے میں ٹریفک حادثہ، 47 افراد ہلاک


ہرارے: افریقی ملک زمبابوے میں دو بسوں کے مابین تصادم سے 47 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز دارالحکومت ہرارے اور مشرقی قصبے روساپے کے درمیان واقع سڑک پر حادثہ پیش آیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومتی اخبار کا کہنا تھا کہ حادثے کی تصاویر شائع کرنے کے لیے بالکل بھی مناسب نہیں ہیں۔

اخبار کے مطابق مقامی ہسپتال کے مردہ خانے میں جگہ کی کمی کے باعث غیر سرکاری مردہ خانے کی مدد لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹریفک حادثے زمبابوے میں معمول کا حصہ ہیں۔ سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے سالوں کی غفلت اور وسائل کی کمی اس کی سب سے اہم وجہ ہے تاہم جس ہائی وے پر یہ حادثہ پیش آیا ہے وہ ماضی قریب میں ہی دوبارہ بنائی گئی ہے۔

گزشتہ سال جون میں ملک کے شمالی حصہ میں ایک بس کے حادثے میں 43 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ فورچیون چیسی کا کہنا ہے کہ حکومت ٹریفک حادثوں کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔


متعلقہ خبریں