پھر دھرنے شروع ہونے کی کوئی اطلاع نہیں،محمد اخلاق


اسلام آباد: پنجاب کے وزیرخصوصی تعلیم چوہدری محمد اخلاق کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس کل سے پھر دھرنوں یا احتجاج کا سلسلہ شروع ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ زولفقار کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ کل سے پھر دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگا تاہم چھوٹے موٹے مسائل تو ہوتے رہتے ہیں۔

چوہدری محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ علیم خان کا بھی احتساب ہو رہا ہے پر ان کو کوئی شکایات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگوں پر کیسز پہلے سے تھے حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں میں یہ یاد نہیں آیا کہ نیب کالا قانون ہے اب سب کو کیوں یہ باتیں یاد آرہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تحریک انصاف کو کس حال میں حکومت ملی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اخوانزادہ چٹان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی ذمہ داری نہیں لے رہی اور کہہ رہی ہے کہ یہ ن لیگ کے کارکن ہیں۔ پھرعام افراد  کو کیوں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ  ٹی ایل پی کی قیادت کے خلاف کیا کارروائی کی جارہی ہے؟ جس پر چوہدری اخلاق کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے یہ نہیں کہا جا رہا کہ احتساب نہ کریں ہم صرف یہ کہ بول رہے ہیں کہ طریقہ کار درست کریں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما رومینہ خورشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا احتساب پہلے سے ہو رہا ہے پرکے پی نیب کیوں متحرک نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت سوالات کے جوابات دینے کے بجائے عوام کو دیگر معاملات میں الجھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں ہیں لیکن تحریک انصاف کا لائحہ عمل اورسوچ ابھی بھی اپوزیشن والا ہے۔ ملکی معیشت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگرآپ اپنے ملک کے بارے میں منفی تاثر دیں گے تو چین پاکستان پر کیوں بھروسہ کرے گا۔


متعلقہ خبریں