امریکہ کا افغان امن مذاکرات میں شرکت کا اعلان

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک نمائندہ ماسکو مذاکرات میں شرکت کرے گا


واشگنٹن: امریکہ نے افغان امن مذاکرات کے لیے روسی میزبانی قبول کرتے ہوئے مذاکراتی عمل میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام ممالک کو افغان حکومت اور طالبان کے براہ راست مذاکرات کی حمایت کرنی چاہئے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک نمائندہ ماسکو مذاکرات میں شرکت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے افغان حکومت سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ روس کی میزبانی میں نو نومبر کو ہونے والے مذاکرات میں افغان حکومت اورطالبان سمیت دس ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔

کچھ عرصے قبل افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکولسن نےاپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ افغان حکومت یا عوام کا متبادل نہیں اس لیے مذاکرات کا عمل بدستور افغان قیادت کے تحت ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے صرف سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کے بیان کی تصدیق کی تھی جس میں انہوں نے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ امریکہ امن کی خاطر طالبان، افغان حکومت اور افغان عوام کے ساتھ  مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

اس سے قبل ایک برطانوی جریدے میں جنرل نکولسن سے متعلق  یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ  امریکہ بھی افغان حکام اور طالبان کے مابین ہونے والے مذاکرات میں طالبان سے براہ راست بات  کرنے کے لیےرضامند ہے۔


متعلقہ خبریں