پنجاب کے بعد سندھ پولیس کا یونیفارم بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ


کراچی: پنجاب پولیس کے بعد سندھ پولیس کا یونیفارم بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ ہو گیا جس کے احکامات آئی جی سندھ نے جاری کیے۔

سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے مختلف ڈیزائنوں کی یونیفارموں کا جائزہ لیا اور حتمی مشاورت کے بعد سندھ پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ہم نیوز کے مطابق آئی جی سندھ  کے ساتھ مشاورت میں ایڈیشنل آئی جی سندھ، ڈی آئی جی آپریشن اوردیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق مشاورت کے دوران تیار کیے گئے آٹھ سے دس نئے یونیفارموں کا جائزہ لیا گیا۔ جائزے کے لیے پولیس اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے مختلف رنگوں اور ڈیزائنوں کی تیارکردہ یونیفارموں کو پہن کر ڈیمو بھی دیا۔

آئی جی سندھ اور مشاورتی اجلا س میں شریک دیگر اعلیٰ افسران نے ڈیمو کے دوران اپنی اپنی آراء پیش کیں اور پھر حتمی مشاورت سے یونیفارم کی تبدیلی کے احکامات جاری کیے گئے۔

کراچی میں تین سال قبل ٹریفک پولیس کی یونیفارم تبدیل کی گئی تھی مگر یہ تجربہ ناکام ثابت ہوا تھا جس کے بعد اعلیٰ حکام نے از خود پولیس اہلکاروں کو ہدایات دیں کہ وہ پرانی والی ہی یونیفارم دوبارہ زیب تن کرلیں۔


متعلقہ خبریں