موجودہ کابینہ نیب کو مطلوب افراد سے بھری پڑی ہے،عظمیٰ بخاری


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں۔ ہماری پارٹی کے ساتھ جو کچھ کیا گیا سب کے سامنے ہے۔ ہم سے سب کچھ تو چھین لیا گیا تو ہمیں کیا خوف ہوگا۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ عوام سب سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کابینہ ایسے افراد سے بھری پڑی ہے جو نیب کو مطلوب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ شہباز شریف کو صرف دباؤ میں رکھنے کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔

پارلیمنٹ میں جاری انداز گفتگو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے۔

پروگرام کے دوسرے مہمان پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ آج ملک میں جمہوری نظام ہے۔ پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے گزشتہ حکومت نے لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پرتنقید کی جارہی ہے کہ ہمارے پاس پالیسی نہیں اور ہم معیشت نہیں سنبھال سکتے۔ اب جب ہماری جانب سے اس کا جواب دیا جاتا ہے تو انہیں برا لگتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس پوری منصوبہ بندی موجود ہے۔ ہم نے ماحولیات سمیت ہر شعبے پر کام شروع کیا اور اب غربت میں کمی کے لیے بھی جلد پلان دیا جائے گا اور یہ ہی سارے اقدامات معشیت کو ٹھیک کریں گے اور ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چین سے بڑے پیمانے پر بات چیت چل رہی ہے لیکن ہر معاہدے کو منظر عام پر نہیں لاسکتے کیونکہ چین کچھ چیزوں کو خفیہ رکھنا چاہتا ہے۔

پارلیمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنقید کا مقصد یہ ہے کہ احتساب کا عمل روک دیا جائے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

آسیہ بی بی کیس:

آسیہ بی بی کیس پر بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمارنے بتایا کہ املاک کو نقصان پہنچانے میں کونسی سیاسی جماعت ملوث ہے اس حوالے سے مجھے کسی جماعت کا علم نہیں لیکن ہر سیاسی جماعت میں ایسے عناصر موجود ہیں جو انتہاپسندی کی طرف چلے جاتے ہیں اور احتجاج کا حصہ بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اگر کوئی املاک کو نقصان پہنچاتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنا ہماری ذمےداری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم خود مختاری کی بات ضرور کرتے ہیں لیکن ایسا ہے نہیں۔ ہمیں ملک کی بہتری اور رول آف لا کے لیے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کے نعرے پر ووٹ دینے والوں کی امیدیں بہت ہیں جیسے ہمیں پورا کرنا ضروری ہے۔

سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ:

سابق وزیراطلاعات جاوید جبارنے پی ٹی وی میں عطا الحق قاسمی کی تعیناتی کوغیر قانونی قرار دیئے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بھرتیوں کو روکنے کے لیے سپریم کورٹ کا فیصلہ مثبت کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستبقل کے لیے یہ فیصلہ مثال بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعیناتی کے معاملے میں غیر جانبداری کی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں