زرداری کا ’تیسری قوت‘ کی تشکیل کے لیے صلاح و مشورہ


کراچی: سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے نمائندہ افراد پر مشتمل تیسری سیاسی قوت کی تشکیل کے لیے ایک نکاتی ایجنڈے پر صلاح و مشورہ شروع کردیا ہے۔

سعودی عرب کے ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے خلاف مہم جوئی پر پی پی پی اور ایم کیو ایم کے ناراض رہنما وسیع تر مشاورت کے بعد ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے گزشتہ دنوں دورہ سندھ میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں جو کچھ کہا تھا اس کو پی پی پی کی قیادت نے اپنی صوبائی حکومت کے خلاف مہم جوئی سے تعبیر کیا تھا۔ پی پی پی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے اس پر شدید ردعمل بھی ظاہر کیا تھا۔

اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدرنے آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل شہری اور دیہی سندھ میں ہم خیال پارٹیوں کے وسیع ترسیاسی اشتراک اوراتحاد کے لئے تجاویزپیش کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہآئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل وسیع ترمشاورت پراتفاق بھی کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سندھ کے شہری و دیہی علاقوں میں پی پی پی کے ہم خیال سیاسی رہنماں پرمشتمل نئے سیاسی گروپ کے قیام کے لئے متحرک ہیں۔

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار کا کہنا ہے کہ سابق گورنرسندھ  ڈاکٹرعشرت العباد کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے ناراض وغیرفعال رہنماؤں پرمشتمل نیا سیٹ اپ سامنے لانے کے لئے شہری و دیہی سندھ کی سیاسی قیادت کے مابین مشاورت اوررابطوں کا عمل دبئی تک وسیع ہو گیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری نے ہم خیال سیاسی حلقوں کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے ناراض و غیرفعال رہنماؤں سے سیاسی رابطے بھی کئے ہیں۔

سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کی طرف سے دوبارہ سیاست میں واپسی کے اشارے کے بعد ایم کیوایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار اورپاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے مابین رابطوں کوبھی سیاسی حلقوں میں نئی سیاسی پیش بندی کا نتیجہ قراردیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں