شاعر مشرق کا 141 واں یوم پیدائش ملی جذبے سے منایا جارہا ہے



اسلام آباد: شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 141 واں یوم پیدائش آج ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔

علامہ محمد اقبال 9 نومبر کو 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور آبائی شہر سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاہور چلے گئے۔

شاعر مشرق نے لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت شروع کی۔

1930 میں آپ نے الہٰ آباد کے مقام پر آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے تاریخ خطبہ دیا جس میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کا مطالبہ پیش کیا جس کا نتیجہ بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں برآمد ہوا۔

علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے اور خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب، اسٹیشن کمانڈرنیوی
کموڈورنعمت اللہ اور ڈی جی رینجرز اظہر نوید حیات نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ علامہ اقبال ؒ کا پیغام امید اور خود داری کا ہے اور نئے پاکستان کی بنیاد بھی انہی اصولوں پر رکھی جا رہی ہے۔

گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاکستان رینجرز نے گارڈز کے فرائض پاک نیوی کےسپرد کیے۔


متعلقہ خبریں