پاکستان کی تین قراردادیں اقوام متحدہ میں منظور، بھارت کی مخالفت


نیویارک/اسلام آباد: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہتھیاروں کا سد باب کرنے والی کمیٹی نے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی تین قرار دادیں بھاری اکثریت سے منظور کر لی ہیں تاہم بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالفت میں ووٹ دیا ہے۔

پاکستان نے روایتی اور غیر روایتی اسلحے کی روک تھام، خطے اور علاقائی سطح پر ہتھیاروں کے سدباب اور اس تناظر میں اعتماد کو فروغ دینے والے اقدامات سے متعلق قرار دادیں پیش کی تھیں۔

ان قراردادوں میں ہتھیاروں کی روک تھام کو عالمی کوششوں کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب پیش کی گئی قراردادیں خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ ختم کرنے پر زور دیتی ہیں۔

 

خطے میں روایتی ہتھیاروں کی روک تھام سے متعلق قرارداد  189 ممالک کی حمایت سے منظور ہوئی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہتھیاروں کا سد باب کرنے والی کمیٹی میں پیش کی گئی پاکستان کی دیگر دو قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہتھیاروں کے سدباب کے لیے پاکستان کی قراردادیں عالمی کوششوں کو مزید فروغ دیں گی۔

ڈاکٹر ملیٖہ لودھی کا کہنا تھا کہ قراردادوں کا بھاری اکثریت سے پاس ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستانی موقف کی حمایت کرتی ہے۔

ہتھیاروں کا سد باب کرنے والی کمیٹی میں بھارت واحد ملک تھا جس نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کی مخالفت میں ووٹ دیا۔


متعلقہ خبریں