چیئرمین نیب کا جھوٹی شکایات درج کرانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم


اسلام آباد: چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جھوٹی شکایات درج کرانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جھوٹی شکایات درج کرانے والوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی نے دوسروں کو بدنام کرنے کے لیے شکایت درج کرائی تو کارروائی کی جائے گی۔

نیب اعلامیے کے مطابق جھوٹی شکایت کا کیس متعلقہ عدالت کو ارسال کیا جائے گا اور غلط ثابت ہونے کی صورت میں شکایت کنندہ کو جرمانہ اور ایک سال کی قید ہو سکتی ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ادارہ جائز شکایات درج کروانے والوں کی حوصلہ افزائی کرے گا،  جو شہری شواہد کے ساتھ شکایت درج کرائیں گے اس پر قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  جانچ پڑتال کے بعد جائز شکایت پر انکوائری شروع کی جاتی ہے، انکوائری کے دوران مبینہ ملزم اور شکایت کنندہ کو طلب کیا جاتا ہے، اگر شواہد ملیں تو مزید تحقیقات کا اعلان کیا جاتا ہے اور تحقیقات سے قبل نیب ایگزیکٹو بورڈ میں کیس کی مکمل چھان بین کی جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں