احتساب کا عمل ن لیگ سے شروع ہونا چاہیے، شاہد خاقان

سابق وزیراعظم کا نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا بھی الزام



اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ احتساب کا عمل ان کی پارٹی سے شروع ہو لیکن ساتھ ہی انہوں نے قومی احتساب بیورو(نیب) کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کردیا۔

اسلام آباد میں مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ساتھ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نہ احتساب کے خلاف تھے نہ ہیں۔ ہم تو خود احتساب کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) سیاسی پارٹی بن چکا ہے، آمریت کے دور میں جو نہیں ہو پایا وہ اب ہورہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے نیب کے کالے قانون کو ختم کرنے کو وقت کی ضرورت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی نیب سلیم شہزاد پانچ پروگراموں میں شریک ہوئے اور میڈیا ٹرائل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کی خاص معلومات بھی سلیم نے بیان کی جبکہ اراکین پارلیمنٹ کی ہتک کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب کیا کررہا ہے سب کو پتہ ہے، نیب ایک کالا قانون ہے اس کو ختم ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو کنٹرول کرنے کے لیے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے، جو بولے گا اس کیخلاف نیب کا کیس بن جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن نے مل کر ایک نقطہ اعتراض اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کیا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ وہ غور کرکے فیصلہ دیںگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسیپیکر کو اس بات پر اعتراز ہے کہ اپوزیشن کے ممبران بہت بولتے ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ اس وقت  صرف ایک جماعت سے انتقام لیا جارہا ہے اور وہ پاکستان مسلم لیگ ن ہے۔ جس پربنا ثبوت کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب تحقیقات کرنا چاہتی ہے تو میں انہیں دو کیس دے دیتا ہوں۔


متعلقہ خبریں