سلیم شہزاد میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں، جاوید عباسی


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو(نیب) لاہورشہزاد سلیم میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں جبکہ ان کی اصلیت ان کے کل دیئے گئے انٹرویو سے سب کے سامنے آگئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں میزبان ثمرعباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سے میڈیا ٹرائل نہ کرتے تو ان کے لیے زیادہ بہتر ہوتا۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ ڈی جی نیب کی باتوں پر تحریک انصاف کی سنجیدہ قیادت نے بھی اعتراض اٹھایا ہے، ڈی جی نیب کواس طرح کے بیانات دینے کی کیا ضرورت تھی؟

آسیہ بی بی کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس پرکارروائی کرنے کی بات کی تھی لیکن ہمیں کوئی کارروائی ہوتی ہوئی نظر نہیں آئی شاید ایکشن چین میں ہو رہا تھا۔

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نذر محمد گوندل نے کہا کہ جو بھی بڑے مقدمات چل رہے ہیں وہ موجودہ حکومت کے بنائے ہوئے نہیں ہیں، نیب پر آئے دن بہت زیادہ تنقید کی جا رہی ہے جب کہ سب کو یہ بات سمھجنی چاہیئے کہ نیب ایک آزار ادارہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو گزشتہ حکومتوں نے اپنے دور میں کیا وہ سب آج اگر ان کے ساتھ ہو رہا ہے تو انہیں غلط لگ رہا ہے۔

دھرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے نقصانات پورے کرے گی، ایسا پہلی حکومتوں کے دور میں کبھی نہیں ہوا لیکن آج ہورہا ہے۔

سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نیب کو خصوص طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔

آسیہ بی بی کیس پران کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں تھا لیکن اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ ڈی جی نیب کے انٹرویوز کا مقصد سمجھ میں نہیں آیا کیونکہ انہوں نے کوئی ٹھوس بات نہیں کی نہ ہی کوئی ثبوت پیش کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بات ہوتی ہے نئے پاکستان کی لیکن کام تو وہی پرانے ہیں، حکومت کی کارکردگی پوری قوم نے دیکھ لی ہے، ان کی کارکردگی بہت کمزور ہے اس لیے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں