وزیراعظم کی پنجاب حکومت کو طرز حکمرانی میں تبدیلی کی تجویز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج دورہ لاہور پرپہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور بیوروکریسی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

دورہ لاہور کے دوران  عثمان بزدار نے وزیراعظم کو حکومت پنجاب کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس لاہور میں وزیراعظم کے پنجاب میں اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا۔

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو طرز حکومت میں جدید اور نایاب طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب میں طرز حکومت اور عام آدمی کی زندگی میں واضح تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم کی زیر نگرانی اور پنجاب حکومت کے زیر انتظام مختلف تجاویز اور ان پر عملدرآمد کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

مختلف اہداف کے تعین اور ترجیحات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

عمران خان نے حکومت پنجاب کے شیلٹر ہوم  پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے یہ شیلٹر ہوم داتا دربار کے سامنے تعمیر کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت حکومت پنجاب پہلے مرحلے میں لاہور میں پانچ شیلٹر ہوم  قائم کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے صوبائی وزرا سے بھی  مشاورت کی، جنہوں نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

اس سے پہلے وزیراعظم نے 29 نومبر کو پنجاب حکومت کے 100 دن کے اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا تھا۔

اس دورے میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کی زندگی میں واضح اور نمایاں تبدیلی لانے پر مرکوز ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں