امریکی انتخابات، کراچی کے حسن جلیسی مسلسل دوسری بار کامیاب


واشنگٹن: امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں پاکستانی امریکن حسن جلیسی مسلسل دوسری بار میری لینڈ اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں 55 مسلم امریکن امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکن حسن جلیسی نے مسلسل دوسری بار میری لینڈ اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ حسن جلیسی کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں 95 فیصد مسلمانوں نے حصہ لیا تھا جس میں سے 55 مسلم امریکن نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ تین تارکین وطن مسلم خواتین بھی انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں۔

منتخب ہونے والی مسلمان خواتین میں صومالی پناہ گزین خاندان کے بیٹی الہان عمر، فلسطینی تارکین وطن والدین کی بیٹی رشید طالب اور 1997 میں طالبان کی قید سے فرار ہونے والے خاندان کی صفیہ وزیر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں اسکارف پہننے والی مسلمان خواتین پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور نفرت آمیز پالیسی کے باعث تارکین وطن کے لیے امریکیوں میں نفرت پیدا ہوئی ہے تاہم وسط مدتی انتخابات میں امریکیوں نے ٹرمپ کی نفرت آمیز پالیسیوں کو مسترد کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں