سندھ میں نئی سرکاری گاڑی خریدنے پر پابندی عائد


کراچی: سندھ کابینہ نے تین سال کے لیے نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ بلٹ پروف گاڑی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دی جائے گی۔

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔

سندھ کابینہ کے اجلاس میں نئی گاڑیوں پر لگائی گئی پابندی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ایسی پالیسی بنانا چاہتا ہوں کہ 17 گریڈ کے افسران کو گاڑی لیز پر دی جائے جس کی قسطیں وہ افسر خود ادا کرے گا اور قسطوں کی ادائیگی کے بعد وہ گاڑی افسر کی ہی ہو جائے گی جب کہ گاڑی کی مینٹیننس بھی افسر کے ہی ذمہ ہو گی۔

سندھ کابینہ نے بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی ہے تاہم صرف اس وزیر یا افسر کو بلٹ پروف گاڑی ملے گی جس کی زندگی کو خطرہ ہو اور وہ بھی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دی جائے گی۔

کابینہ نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، چیف سیکرٹری، وزیر داخلہ، آئی جی پولیس اور دو ایڈیشنل آئی جیز کو بلٹ پروف گاڑیاں استعمال کرنے کی منظوری  دی ہے۔


متعلقہ خبریں