ہم مصالحہ فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا


لاہور: مصالحہ ٹی وی کے زیر اہتمام منعقد کیے گئے فیملی فیسٹیول کا آغاز ایکسپو سینٹر لاہور میں ہو چکا ہے جس میں زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔

ایکسپو سنٹرمیں سجےدو روزہ میلے میں کہیں کچن اور وارڈروب کے استعمال کی ضروری اشیاء تو کہیں دیدہ زیب ملبوسات کے اسٹالزخواتین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ مختلف قسم کے کھانوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں اور فیملیز کی بھی بڑی تعداد فیسٹیول میں شرکت کے لیے آرہی ہے۔

کھانوں، جیولری اور کپڑوں کے اسٹالز پر خواتین کا رش ہے جب کہ بچے کھیل اور کھلونوں کے اسٹالز کی جانب کھنچے جا رہے ہیں۔

بچوں کی تفریح کے لیے بنائے گئے خصوصی ایرینا میں مختلف اقسام کے جھولے لگائے گئے ہیں۔

خوش خوراکی کے حوالے سے مشہور لاہور کے عوام مصالحہ فیسٹیول کے حوالے سے کافی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ انہیں لذیذ کھانے بنانے کے گر سیکھنے کا سنہری موقع مل رہا ہے، مصالحہ ٹی وی کے شیفس کو اپنے درمیان دیکھ کر مداحوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

فیسٹیول کے دوران معروف گلوکار شیراز اپل اور عاصم اظہر لائیو کنسرٹ میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

اس فیسٹیول کا انعقاد  سال میں دو مرتبہ  کیا جاتا ہے۔ یہ عمومی طور پر ایک مرتبہ کراچی اور ایک مرتبہ لاہور میں منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد عوام کو اپنے خاندان کے ہمراہ ایک محفوظ تفریح فراہم کرنا ہے۔

مصالحہ فیسٹول کے دوران جہاں عوام نت نئے اور لذیز کھانوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں وہیں اپنے پسندیدہ شیفس سے ملنے کے علاوہ ان کی دستخط شدہ کتابیں بھی خرید سکتے ہیں۔ فیسٹیول کھانے پکانے کی شوقین خواتین کے لیے اپنی مہارت کو سنوارنے کا ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے۔

اس فیسٹیول میں آنے والے لاہور کے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک ہی چھت تلے ایسے محفوظ میلے کا انعقاد ہم نیٹ ورک کا احسن اقدام ہے، ایسے فیسٹیولز سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔


متعلقہ خبریں