صومالیہ: موغا دیشو میں کار بم دھماکے، 39 افراد جاں بحق


موغا دیشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں کار بم دھماکوں میں 39 افراد جاں بحق جب کہ 40 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق موغا دیشو میں یکے بعد دیگرے دو کار بم دھماکے اور فائرنگ کا واقعہ کریمینل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ واقع ہوٹل کے باہر ہوا جب کہ تیسرا کار بم دھماکہ موغا دیشو کی مصروف ترین شاہراہ پر ہوا جس کے باعث کئی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔

کار بم دھماکوں کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں چھ حملہ آور بھی مارے گئے جب کہ دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد راہگیروں کی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے ہوٹل کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور عمارت کے سامنے کا حصہ متاثر ہوا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

موغا دیشو میں ہونے والے تینوں دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم الشباب نے قبول کر لی ہے جب کہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں