ق لیگی رہنماؤں کا گورنر پنجاب کو ’کنٹرول‘ کرنے کا مشورہ


اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر خان ترین سے شکوہ کیا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کو ’کنٹرول‘ کیا جائے اور ان کی مداخلت کو روکا جائے۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو ہم نیوز کو موصول ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے اپنے تحفظات کا اظہار جہانگیر ترین سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر طارق چیمہ نے گورنر پنجاب سے متعلق کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو چلنے نہیں دیں گے۔

پنجاب میں حکومت تشکیل دیے جانے کے بعد سے ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے۔ جو بنیادی طور پر بیوروکریسی کے تبادلوں، ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کے معاملے میں پیدا ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ سیاسی اور انتظامی معاملامت میں گورنر کی مشاورت سے چلیں تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی تمام تر سیاسی اور انتظامی معاملات اپنے ہاتھ میں لینا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق صوبے کے دونوں اعلیٰ عہدیداروں میں پہلی بار گریڈ اکیس اور بائیس کے افسروں کی تقرریوں و تبادلوں پر چپقلش پیدا ہوئی تھی۔ خصوصی طور پر 28 اکتوبر کو بیوروکریسی اور محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلوں سے تنازع میں اضافے ہوا تھا۔

پارٹی مینٹنگ میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں، پرویز الہیٰ

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پارٹی مینٹنگ میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں، اگر بیٹھ کر بات نہیں کریں گے تو پارٹی کیسے چلے گی، گلے کا مقصد مسائل کو حل کرنا ہوتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور رہیں گے، بشیر چیمہ کا شکوہ ہے کہ ان کے حلقہ میں مداخلت ہو رہی ہے، اگر گھر میں بیٹھ کر بات نہیں کریں گے تو کہاں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں عمران خان کے ساتھ ہیں، اتحادیوں میں اختلافات ہوتے رہےہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ کے مطابق چوہدری سرور اور عثمان بزدار کو عمران خان نے منتخب کیا ہے،  مداخلت کے معاملے پر وزیر ہاؤسنگ کے جو پہلے ہاتھ آگیا اس سے شکایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کے مرکزی عہدیداروں کے درمیان تلخیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  وزیر اعظم اس سلسلے میں چوہدری سرور، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے۔

مزید اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نے جہانگیر ترین کے بعد گورنر پنجاب کو بھی ملاقات کے لئے بلا لیا ہے۔


متعلقہ خبریں