کراچی میں اب صرف چیل اور کوے نظر آتے ہیں، گورنر سندھ


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب جہاں بھی نگاہ جاتی ہے صرف چیل اور کوے ہی نظر آتے ہیں۔

وہ سمندر کو ماحولياتی آلودگی سے بچانے اور شجرکاری کے فروغ کے لیے پاکستان نيوی کی صفائی مہم کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب اس شہرمیں طوطے، مینا اور دیگر پرندوں کی خوبصورت آوازیں سنا کرتے تھے اور ہاکس بے پر ڈولفن نظر آیا کرتی تھی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ساری ذمہ داری انتظامیہ پر ڈالنے کے بجائے ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت ماحول بہتر بنانا ہو گا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سابق کمانڈر کراچی ريئر ايڈمرل ریٹائرڈ آصف خالق کا کہنا تھا کہ ماحول کو ہرا بھرا بنانے کے ليے سب کو ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔

صفائی مہم کا آغاز گورنر سندھ نے پودا لگا کر کیا۔ اس مہم میں مختلف اسکولوں کے طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔ شہریوں نے اس حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

پاکستان نيوی کے ساتھ مختلف سماجی تنظيميوں سمیت ملک کی اہم شخصيات نے صفائی مہم ميں بھرپورحصہ لينے کے عزم کا اعادہ کيا۔


متعلقہ خبریں