’شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی‘


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وہ گورنر پنجاب چوہدری سرور سے متعلق ویڈیو کے حوالے سے بے خبر ہیں، انہوں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ اور شاہ محمود قریشی کی گفتگو نہیں سنی۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جو بات انہیں معلوم ہی نہیں وہ اس پر کیسے بات کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کشمیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو لوگ اچھی طرح جانتے ہیں، بھارت کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارت بلا اشتعال فائرنگ بند کرے۔

خطے میں امن و امان کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کے کہنے پر پاکستان  نے امن کے لیے تعاون کیا ہے اور ابھی بھی کوشش کر رہے ہیں کہ خطے کی دیگر قوتوں کو ساتھ ملائیں۔

انہوں نے کہا کہ روس بھی خطے کا ایک اہم ملک ہے، سب کو مل کر خطے کی ترقی کے لیے سوچنا ہو گا، خواہش اور کوشش ہے افغانستان میں امن ہو۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گھر پہنچ جائے۔

شاہ محمود قریسی نے بتایا کہ حکومت کی امریکی حکام سے بات چیت چل رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان کے حوالے کر دیا جائے، ریمنڈ ڈیوس اور شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) آزاد ادارہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس ادارے پر اثر انداز نہیں ہو رہی۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن سے گزارش کی کہ وہ ذات سے ہٹ کر خطے کا سوچیں، شریف خاندان پر موحودہ حکومت کے اقتدار میں آنے سے پہلے کیس بنے اور نیب اور عدلیہ آزاد ہیں، حکومت ان پراثرانداز نہیں ہوسکتی۔

پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت تب نیچے آئے گی جب خطے کے حالات بہتر ہوں گے۔

ملکی معیشت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کی برآمدات بہتر ہوں گی تب ڈالر کے ریزرو میں اضافہ ہوگا اور جیسے جیسے پاکستان کا ریزرو بڑھے گا ڈالر کی قیمت کم ہو گی۔

انہوں نے اسموگ کا مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ جتنی ماحولیاتی آلودگی لاہور میں ہے کہیں اور نہیں ہے، موجودہ حکومت  پہلی حکومت ہے جو صاف ماحول کو سمجھتی ہے۔


متعلقہ خبریں