فاروق ستار کے دور میں چار ہزار بوگس سرکاری بھرتیوں کا انکشاف


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے دور وزارت میں چار ہزار بوگس اور جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار جب 2008 سے 2010 تک اوورسیز پاکستانیوں کے منصب وزارت پر تھے تو اس دوران یہ بھرتیاں ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر ملازمین جعلی ڈگریوں پر بھرتی کیے گئے تھے، اس سلسلے میں وزارت اوورسیز نے معاملہ نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ بھرتی کیے گئے افراد کے خلاف کاروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت اوورسیز اس حوالے سے جلد ہی وائٹ پیپر بھی شائع کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کردی تھی۔

بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے ایک مرتبہ پھر پارٹی میں انٹرا پارٹی الیکشن کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی سے نکالنا بزدلانہ فیصلہ ہے، پارٹی رکنیت  ختم  کرنے کا میڈیا سےپتہ چلا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ پہلے کہا کہ شوکاز نوٹس دیا ہے، رابطہ کمیٹی کو فیصلےکی جلدی کیا تھی؟ مجھےنکالنا تھا تو کارکنوں کا اجلاس بلا کر اعلان کرتے۔


متعلقہ خبریں