ایک دور میں عمران خان سیاست میں نہیں آنا چاہتے تھے، عمران اسماعیل


اسلام آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایک دور تھا جب عمران خان سیاست میں نہیں آنا چاہتے تھے۔ ہم بہت اصرار کیا کرتے تھے لیکن وہ کہتے کہ کبھی بھی سیاست میں نہیں آؤں گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ایجنڈا پاکستان‘ کے میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کالج کے دنوں میں سیاست میں حصہ نہیں لیا۔ جب پی ٹی آئی کی طرف سے پہلی بار انتخاب لڑا تھا تو لوگ بہت مذاق اڑایا کرتے تھے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جتنا ایماندار اور دلیر دیکھا ہے اتنا کسی اور کو نہیں دیکھا۔ عمران خان کے لیے پیسے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عارف علوی اپنی جیب میں کبھی پیسے نہیں رکھتے ۔ ان کی بیوی ڈرائیور کو پیسے دے دیتی ہے تاکہ ضرورت کے وقت کام آئیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی تمام جماعتوں کے لیے کھلا میدان ہے، ہر جماعت کے لیے یہاں مواقع ہیں، کراچی ایک بار پھر حقیقی سیاست میں واپس لوٹ آیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں تاہم دونوں طرف سے ایسے بیانات آ جاتے ہیں جس کی وجہ سے رابطے کم ہونے لگتے ہیں۔ وفاق مجھے مسلسل کہتا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ چلیں اور ان کے ساتھ مل کر پراجیکٹ مکمل کرائیں۔ میں تو خود چیف منسٹر ہاؤس چل کر گیا تھا۔

ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار بابر غوری کے ساتھ ٹیلی وژن ٹاک شو میں بدمزگی ہوئی تو کئی روز گھر کے باہر ایم کیو ایم کے لڑکے گھومتے رہے۔ وہ بہت مشکل دن تھے۔

وزیراعلی سندھ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ بہت قابل اور پڑھے لکھے دن ہیں۔ کراچی میں پانی اور صفائی کا بہت مسئلہ ہے اسے حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا پڑے گا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ تھر جانے کے لیے میں نے پاکستان کا تاجر طبقہ اکٹھا کیا تاکہ مل کر وہاں جائیں اور کوئی بڑا منصوبہ بنائیں۔ پچاس ساٹھ لوگ ہمارے ساتھ تھے جسے میڈیا نے پروٹوکول بنا دیا۔پروٹوکول وہ ہوتا ہے جو حکومتی خرچے پر ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں ہماری اتحادی ہے لیکن انتخابات میں وہ ہماری حریف ہے۔
گورنر ہاؤس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اسے ہم نے عوام کے لیے کھول دیا ہے ، روزانہ اسکولوں کے بچے یہاں آتے ہیں۔

سندھ حکومت کی ترجیحات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کراچی میں پانی صاف کرنے کے تین پلانٹس لگا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزٹ اورنج لائن بھی شروع کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ کراچی میں پانی اور کچرے کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔ اگر یہ دو مسائل حل ہو گئے تو لوگ ہمیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اندرون سندھ میں حالت اس سے بھی بری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی فلاح اسی میں ہے کہ وفاق اور سندھ مل کر چلیں، اگر ہمارے پراجیکٹ میں سندھ حکومت نے یا ان کے پراجیکٹ میں وفاق نے رکاوٹ ڈالی تو نقصان عوام کا ہو گا ۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ سابق وزیراعلی سندھ سے امید نہیں تھی لیکن موجودہ وزیراعلی مراد علی شاہ بہت بہتر ہیں، وہ پڑھے لکھے شخص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں لسانی سیاست ختم ہو گئی ہے اب اسی کو ووٹ ملے گا جو لوگوں کے مسائل حل کرے گی۔


متعلقہ خبریں