منی لانڈرنگ سے 700 ارب روپے بیرون ملک منتقل ہوئے، شہزاد اکبر


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب امور شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ دس ممالک سے تفصیلات جمع کی گئی ہیں جہاں منی لانڈر ہونے کی اطلاعات ہے جس کی مالیت تقریباً 700 ارب روپے بنتی ہے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دبئی کی رئیل اسٹیٹ میں پیسہ لگانے والا پاکستان تیسرا بڑا ملک ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ملک سے لوٹی ہوئی دولت کو چھپانےکیلیے سابق حکمرانوں نے اقامےبنوائے، اب اقامہ کی آڑ میں چھپنے والے محفوظ نہیں رہ سکیں گے، ہم دس لاکھ ڈالر سے زائد اثاثے رکھنے والوں کو گرفت میں لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ نے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیاہے، جن لوگوں نےدبئی، یورپی بینکوں میں پیسے چھپارکھے ہیں وہ چھپ نہیں سکیں گے۔

انہوں نے  تایا کہ ہم بڑے مگرمچھوں کے پیچھے ہیں، ہم نے دس ممالک سے تفصیلات جمع کی ہیں جن میں منی لانڈرنگ کی اطلاعات ملی ہیں، جو تقریباً 700 ارب روپے بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی شخصیات نے اپنے ڈرائیورز اور بارچیوں کے نام پر جائیدادیں بنائی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت منی لانڈرنگ اور کرپشن کو روک رہی ہے، اس وقت حکومت کے پاس منی لانڈرنگ ختم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے مخالفین گھبرائے ہوئے ہیں، ان کو پتا ہے کہ حکومت پیسہ واپس لائے گی۔

 


متعلقہ خبریں