کابل میں خودکش حملہ،چھ افراد ہلاک 

غزنی اور ارزگان میں طالبان اور فورسز کی جھڑپیں، اب تک 80 اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں


کابل: افغان دارالحکومت کابل میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب خود کش دھماکہ میں چھ افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق خودکش بمبار نے مظاہرین کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ مظاہرین افغان صوبوں غزنی اور ارزگان میں حکومت کی ناکام سیکورٹی حکمت عملی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے حملوں میں شدت آگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جاری لڑائی میں اب تک  80 سیکیورٹی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان صوبے غزنی میں طالبان کے حملے میں30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ گیارہ زخمی ہیں جبکہ غزنی کے ضلع جاغوری اور مالستان میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کی شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

ادھر صوبہ فراح میں طالبان کے حملوں میں 50 سیکیورٹی اہلکار ہلاک  ہوچکے ہیں جبکہ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

نیوزایجنسی کے  مطابق غزنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک اہلکاروں کی تعداد 80 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی بھی ایک بڑی تعداد ہے اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب طالبان نے ضلع جاغوری پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تاہم اس بارے میں ابھی حکومتی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔


متعلقہ خبریں