سو دن بعد وزرا کی کارکردگی دیکھیں گے،اعجاز چوہدری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ اگرایک ہی سیاسی جماعت کی حکومت ہو تو اس میں بھی گلے شکوے چلتے رہتے ہیں تو ابھی تو ہمارے ساتھ اور لوگ بھی کام کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور نے اس بات کی وضاحت کی کہ تمام وزرا با اختیارہیں، یہ کسی ایک شخص کی حکومت نہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ حکومت سو دن پورے ہونے پر اپنے تمام وزرا کی کارکردگی دیکھیں گے اور پھر اس حوالے سے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی پارٹی میں شامل ہونے والے تمام نئے لوگوں اوراتحادیوں سے رابطے مضبوط کرلیے ہیں، جو پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں وہ تحریک انصاف کو ہی ووٹ دیں گے۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر زمان قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو بار بار آ کر عثمان بزدار کے لیے بولنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لیے تحریک انصاف کے اندر بھی لڑائی تھی، وزرا اپنا کام کر رہے ہیں اگر ان کے کام میں مداخلت ہوگی تو وہ کام کیسے کریں گے؟ تحریک انصاف اپنی کی پالیسیوں کے خلاف جا رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر غوث خان نے کہا کہ وقت کے ساتھ سمجھ آجانی چاہیئے، ماضی کی باتوں میں رہنے کا فائدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم احتساب سے نہ پہلے بھاگے ہیں نا ہی بھاگیں گے، ہم چاہتے ہیں یہ سسٹم ٹھیک سے چلے اور احتساب سب کا ہو، صرف کسی ایک سیاسی جماعت کا احتساب نہیں ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں