برطانیہ میں اثاثوں کے حوالے سے شواہد موجود ہیں، شہزاد اکبر


اسلام آباد: معاون خصوصی وزیراعظم شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ ملک سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک سے باہر چھپ کر بیٹھیں ہیں لیکن نیب ان کے خلاف انکوائری کر رہی ہے۔

ہم نیوز کر پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے ان کے پاس ٹھوس دستاویزات موجود ہیں، اس کے علاوہ جے آئی ٹی پانچ ہزار سے زائد جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کر رہی ہے، حکومت ملک میں جعلی اکاؤنٹس کی روک تھام کے حوالے سے بہت زیادہ سنجیدہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، برطانیہ میں اثاثوں کے حوالے سے بلیک اینڈ وائٹ شواہد موجود ہیں، اس کے علاوہ سوئزرلینڈ کے معاہدے کے حوالے سے قوم کو جلد خوش خبری ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے ایک جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ایک سو ارب سے زائد پیسہ ملک سے باہر جا چکا ہے۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیئربخاری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے، ایسا ماحول نہیں بنایا چاہیئے کہ سرمایہ کاری اور تعلقات پر فرق نہ پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ میڈیا ٹرائل کا معاملہ ٹھیک نہیں ہے، سزا اور جزا دینا عدالتوں کا کام ہے کسی اور کا نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہاحتساب سب کا ہو گا، چاہے کوئی کسی اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہو یا تحریک انصاف سے۔

پروگرام میں موجود شیخ دوحیل اصغر نے کہا کہ صفائی گھر سے شروع کرنی چاہیے، حکومت کو چاہیے کہ احتساب کا عمل اپنے لوگوں سے شروع کرے تا کہ ہم بھی کہہ سکیں کہ حکومت انصاف سے کام کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں