چین: ای کامرس کمپنی کے میگا شاپنگ میلے کے دلچسپ حقائق


شنگھائی: چین کی بڑی ای کامرس کمپنی علی بابا کے تازہ ترین میگا شاپنگ میلے کے حوالے سے چند دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں۔

1- ’سنگلز ڈے‘ نامی شاپنگ میلہ ہر سال 11 نومبر کو منعقد ہوتا ہے۔ علی بابا نے گزشتہ برس اس میلے میں 24 گھنٹوں میں 25 ارب ڈالر کمائے تھے لیکن اس سال کمپنی نے 16 گھنٹوں میں ہی یہ رقم کما لی جبکہ 24 گھنٹوں میں اس کی کمائی 30.7 ارب ڈالر رہی۔

2- اس موقع پر علی بابا کی طرف سے پانچ لاکھ اشیا برائے فروخت تھیں جبکہ اس میں دنیا بھر کے ایک لاکھ 80 ہزار برانڈز پیش کیے گئے۔

3- اس سال 11 نومبر کو شروع ہونے والے ’سنگلز ڈے‘ کے پہلے 85.4 سیکنڈز میں علی بابا نے ایک ارب ڈالر کما لیے جبکہ پہلے گھنٹے میں اس کی فروخت نے دس ارب ڈالر کے قریب کمائی کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

4- گزشتہ برس علی بابا نے اندرونی اور بیرونی خریداروں کو پیش نظر رکھا تھا جس کی بدولت 4 فیصد خریداروں کا تعلق چین سے باہر کے ممالک سے تھا۔ موجودہ میلے میں علی بابا نے اپنی توجہ کا مرکز چینی خریداروں کو بنایا۔ اس حوالے سے مزید اعدادوشمار ابھی آنا باقی ہیں۔

5- ماحولیات پر نظر رکھنے والے ادارے ’گرین پیس‘ کا کہنا ہے کہ اس ایک دن میں 52 ہزار ٹن سے زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوئی۔ گرین پیس کے تخمینے کے مطابق اسقدر بڑی تعداد میں پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ اس صورت میں جذب ہو سکتی ہے اگر سوا پانچ لاکھ درخت تمام عمر اسی کام میں لگے رہیں۔


متعلقہ خبریں