کراچی: کمسن بچوں کی ہلاکت کا معاملہ، تحقیقات جاری


اسلام آباد: کلفٹن میں مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے مقدمے کے اندراج کے لیے بچوں کے والدین سے رابطہ کرلیا ہے۔ پلے لینڈ سے ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کا آغاز کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے نمائندے مونس سراج نے بتایا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعہ کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اب تک پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کو ابھی حادثہ قرار نہیں دیا گیا، بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کی بعد ہی چیزیں واضح طور پر سامنے آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ سندھ میں کھانے کے معیار کو جانچنے کے لیے کوئی لیبارٹری ہی موجود نہیں جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بھی مناسب اقدامات نہیں کیے جارہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق والدہ کے ہمراہ پلے لینڈ آنے والے کمسن بھائیوں نے پہلے آئسکریم اور پھر اسٹک فرائز کھائے تھے جبکہ پلے لینڈ سے جاتے ہوئے فیملی نے کینڈی فلاس خریدے جو بچوں نے رات ڈیڑھ بجے کھائے۔

تفتیش میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرائم انوسٹی گیشن ٹیم نے بچوں کی رہائش گاہ سے مختلف ٹیسٹ کے لیے 30 نمونے حاصل کیے۔

بتایا گیا ہے کہ بچوں کو صبح چھ بجے الٹیاں شروع ہوئیں اور دوپہر دو بجے انہیں اسپتال لایا گیا جبکہ کمیائی چانچ پڑتال کے لیےپوسٹ مارٹم کے دوران لیے گئے نمونے پنجاب فارنزک لیب روانہ کردیئے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں