بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ ڈویژن، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے پارہ گر گیا ہے، آج لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 12 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

فیصل آباد شہر اور گردو نواح میں بوندا باندی سے کئی دن سے پھیلی اسموگ کا خاتمہ ہو گیا ہے تاہم سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ نواب شاہ میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔

دھند کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے مسافروں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولپور اور گردونواح میں اسموگ کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں کالام 09، پٹن، مالم جبہ 08، دیر 07، بالاکوٹ 06، سیدوشریف، پارہ چنار 02، دروش 01 اور کشمیرمیں گڑھی دوپٹہ 02 اور مظفر آباد 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں