سعودی صحافی قتل، کینیڈا نے ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کردی

سعودی صحافی قتل، کینیڈا نے ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کردی | urduhumnews.wpengine.com

اوٹاوا: کینیڈا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کردی ہے۔

ترکی کی جانب سے امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک کو ریکارڈنگ فراہم کی گئی تھیں تاہم کینیڈا پہلا ملک ہے جس نے ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کی ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس کے اہلکار تفتیش کے لیے ترکی گئے تھے اور انہوں نے وہاں ریکارڈنگ سنی تھی۔

کینیڈین وزیراعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ترکی نے واقعہ سےمتعلق مکمل معلومات فراہم کی ہیں۔

ترکی نے جمال خاشقجی کے قتل کی ریکارڈنگ سعودی عرب، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کو فراہم کی تھیں تاہم کسی نے ریکارڈنگ سننے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

سعودی نژاد امریکی رہائشی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانہ میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ صحافی کی گمشدگی کے کچھ دن بعد ترکی کا موقف سامنے آیا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ خاشقجی کو مار دیا گیا تاہم سعودی عرب ترکی کے اس موقف کی متعدد بار تردید کرتا رہا۔

ترکی کا الزام ہے کہ صحافی کو قتل کرنے کا حکم سعودی اعلیٰ حکام کی جانب سے آیا تھا۔ ابتدا میں سعودی عرب کی جانب سے واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی گئی تاہم بعد میں تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔

ترکی کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق جمال خاشقجی کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل کر کے لاش کو تیزاب سے تحلیل کردیا گیا۔


متعلقہ خبریں