“اپنے مالک کو بتاؤ، ان کا کام پورا ہو گیا ہے”



نیویارک: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی صحافی عرب جمال خاشقجی کو مارنے کے بعد 15 رکنی سعودی اسکواڈ کی طرف سے فون کال کی گئی۔

امریکی اخبار کے مطابق فون کال میں کہا گیا ہے کہ “اپنے مالک کو بتا دو،، ان کا کام پورا ہو گیا ہے”۔ اخبار نےدعویٰ کیا ہے کہ کال پر ‘ تمہارا مالک ‘ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کہا گیا۔

خبررساں ادارے کے مطابق فون کال ماہیر عبدالعزیز مطرب کی جانب سے کی گئی، مطرب  15 رکنی ٹیم کا ممبر تھا جس نے کال کی اور عربی میں پیغام پہنچایا۔ مطرب سعودی عرب میں اسکیورٹی اہلکار ہے جس نے کئی بار ولی عہد کے ساتھ سفر کیا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی اینٹیلی جنس کے لیے صحافی کی ریکارڈنگ ولی عہد کے خلاف مضبوط ترین ثبوت ہے۔

سعودی صحافی قتل، کینیڈا نے ریکارڈنگ سننے کی تصدیق کردی

اس سے قبل ترکی نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے دوران کی آڈیو ریکارڈنگ سعودی عرب، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کو فراہم کی تھیں تاکہ مقتول صحافی کے قتل کا سعودی عرب پر بیرونی دباؤ برقرار رکھا جائے۔ کینیڈا کی جانب سے سعودی صحافی کے قتل کے دوران کی ریکاررڈنگ سننے کی تصدیق بھی کی گئی۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا کی سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس کے اہلکار تفتیش کے لیے ترکی گئے تھے اور انہوں نے وہاں ریکارڈنگ سنی تھی۔

جمال خاشقجی کیس

واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار اور سعودی نژاد امریکی رہائشی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانہ میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ صحافی کی گمشدگی کے کچھ دن بعد ترکی کا موقف سامنے آیا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ خاشقجی کو مار دیا گیا تاہم سعودی عرب ترکی کے اس موقف کی متعدد بار تردید کرتا رہا۔

ترکی کا الزام ہے کہ صحافی کو قتل کرنے کا حکم سعودی اعلیٰ حکام کی جانب سے آیا تھا۔ ابتدا میں سعودی عرب کی جانب سے واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی گئی تاہم بعد میں تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔

ترکی کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق جمال خاشقجی کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل کر کے لاش کو تیزاب سے تحلیل کردیا گیا جس کے بعد تحقیقات کا کام روک دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں