کراچی: ایری زونا گرل سے چار سال پرانا گوشت برآمد


کراچی: زمزمہ اسٹریٹ کلفٹن کے مشہور ریسٹورنٹ ایری زونا گرل کے گودام  پرسندھ فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر چار برس پرانا گوشت برآمد کر لیا ہے جس کے بعد پولیس نے واقع کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق برآمد شدہ گوشت کے استعمال کی آخری تاریخ 24 فروری 2015 تھی اور گوشت اب تک ریسٹورنٹ کے فریزر میں موجود ہے جبکہ گودام سے برآمد گوشت پرآخری میعاد کی تاریخ بھی درج ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) کے مطابق گوشت کا نمونہ ٹیسٹ کے لیے تحویل میں لے کر ریسٹورنٹ کے گودام کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

ایس ایف اے نے بتایا کہ اس کے علاوہ ایری زونا کے گودام سے ایک سال پرانی زائد المعیاد شربت کی سینکڑوں بوتلوں سمیت دو من کے لگ بھگ سڑا ہوا گوشت بھی برآمد ہوا ہے۔

ڈائریکٹر سندھ فوڈاتھارٹی نے بتایا کہ  پولیس اورفوڈ اتھارٹی کی ریسٹورنٹ مالکان سے  رابطے کی کوشش جاری ہے جبکہ ریسٹورنٹ مالکان رابطے میں نہیں آرہے۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن طارق دھاریجو نے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹس نہ آنے کے باعث پولیس اب تک کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جارہی ہیں اور پولیس اس معاملے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتی، میڈیکل رپورٹس آنے تک کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے کہ کس غذا سے بچوں کی جان گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایری زونا گرل ریسٹورنٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر بہت سی شکایات ملی ہیں جبکہ فوڈ اتھارٹی نے ریسٹورنٹ کو معیار بہتر کرنے کا نوٹس بھی دیا تھا۔

پولیس کی جانب سے اس واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کے حوالے کردی گئی

ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹرشیرازنےمضر صحت کھانے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کے حوالے کردی ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق دونوں بچوں کے جسم پرکوئی تشدد یا خون کے نشانات نہیں ہیں،  بچوں کے جسم سے 6 مختلف نمونے حاصل کرکے پولیس کے حوالے کردیئے گئے ہیں.

فوڈاتھارٹی کے نمونوں اور جسم کے نمونوں کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد  بہترمعلومات حاصل ہوسکیں گی, دونوں بچوں کی موت کے تقریبا 8سے11 گھنٹوں کے بعد ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے ابتدائی تفتیش میں کسی دوسرے گودام کی موجودگی سے انکار کیا تھا۔

کچھ روز قبل کلفٹن کریک وسٹا اپارٹمنٹ کے رہائشی دو بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، اس واقعے کی تفتش کے بعد انکشاف ہوا کہ متاثرہ فیملی نے ایری زونا گرلرریسٹورنٹ میں ڈنر کیا تھا اور جس کے بعد مقامی پلے لینڈ بھی گئے تھے۔


متعلقہ خبریں