سری لنکا کی سپریم کورٹ نے تحلیل شدہ پارلیمنٹ بحال کردی


کولمبو: سری لنکا کی سپریم کورٹ نے صدر سری سینا کے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر اسمبلی بحال کردی ہے اور نئے انتخابات کی تیاریوں کو روکنے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نالن پریرا کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے برطرف وزیراعظم کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی اور صدر کی جانب سے پانچ جنوری کو نئے انتخابات کرانے کے اقدام کو روکنے کے ساتھ پارلیمنٹ بحال کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

صدر متھری پالا سری سینا نے 28 اکتوبر کو وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو برطرف کر کے قائد حزب اختلاف اور سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

عالمی سیاسی مبصرین کے مطابق سابق صدر اور نامزد وزیراعظم کے متعلق عام خیال ہے کہ ان کا جھکاؤ چین کی طرف زیادہ ہے۔

صدر کی جانب سے برطرف کیے گئے وزیراعظم وکرما سنگھے نے اس حکمنامے کو ماننے سے صاف انکارکردیا تھا۔ انہوں نے دوسرے مرحلے میں وزیراعظم ہاؤس بھی خالی کرنے سے انکار کردیا تھا۔

سری لنکا کے صدر سری سینا نے اپنے ہی پرانے حلیف اور برطرف کیے گئے وزیراعظم کی ’حکم عدولی‘ پر  پارلیمنٹ کو ہی معطل کردیا تھا۔ انہوں نے اپنے نامزد وزیراعظم کو موقع دیا تھا کہ وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے لابی کرسکیں۔

صدر کے نامزد وزیراعظم  جب پارلیمنٹ سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ کرسکے تو 10 نومبر کو صدر سری سینا نے پارلیمنٹ تحلیل کردی اور نئے الیکشن کے لیے پانچ جنوری کی تاریخ دے دی۔

آئینی و قانونی اعتبار سے ملک میں عام انتخابات 2020 میں ہونا تھے لیکن ملکی صورتحال کے باعث صدر نے قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کردیا تھا۔

سری لنکا کے صدر سری سینا کے فیصلے کے خلاف برطرف وزیراعظم وکرما سنگھے نے سپریم کورٹ سے رجوع کر کے انتخابات رکوانے اور اسمبلی کی بحالی کی استدعا کی تھی۔

سپریم کورٹ نے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ دے کر پارلیمنٹ بحال کردی ہے۔

پاکستان میں بھی سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جب پہلی حکومت مرحوم صدر غلام اسحاق خان نے برطرف کی تھی تو اس وقت کی سپریم کورٹ نے صدر کے احکامات کو کالعدم قرار دے کر حکومت بحال کردی تھی۔

آئینی و قانونی اعتبار سے اس وقت صدر پاکستان 58 (2) بی کے حامل تھے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اس وقت جسٹس (ر) سید نسیم حسن شاہ تھے۔


متعلقہ خبریں