پاکستان پوسٹ کی نئی تیز ترین سروس


اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے تیز ترین نئی پوسٹل سروس متعارف کرادی ہے جس کے ذریعے دوپہر ایک بجے تک پارسل بک کرانے پر ڈلیوری اسی دن شب 12 بجے تک ممکن بنائی جائے گی۔

پاکستان پوسٹ اس سے قبل الیکٹرونک منی آرڈر سروس متعارف کراچکا ہے۔ اس سروس کے تحت خواتین اور بزرگ شہریوں کو50 ہزار روپے تک کا منی آرڈر گھر پرہی مل سکتا ہے۔

’ون ڈے ڈلیوری سسٹم‘ ابتدائی طور پر ملک کے 25 شہروں میں متعارف کرایا جائے گا جب کہ ’الیکٹرونک منی آرڈر سسٹم‘ کی رسائی شروع ہی میں 80 شہروں تک ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دونوں اسکیموں کا دائرہ کار بہت جلد ملک کے دیگر شہروں تک پھیلا دیا جائے گا۔

وفاقی وزیرمملکت برائے مواصلاحات مراد سعید نے ’ایک ہی دن پارسل کی ترسیل اور گھر تک الیکٹرونک منی آرڈر اسکیمز‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان پوسٹ کا خسارہ ساڑھے جو دس ارب روپے تک پہنچ چکا ہے کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خسارہ ختم کر کے ادارے کو منافع بخش بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب 50 ہزار روپے تک کی ترسیل سے خواتین اور بزرگ شہریوں کو سہولت حاصل ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت مراد سعید کا کہنا تھا کہ 80 ارب روپے کی مارکیٹ میں پاکستان پوسٹ کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ ادارے کے پاس 135 ارب کی کمرشل اراضی موجود ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی جی پوسٹل سروسز کا کہنا تھا کہ ماضی میں ادارے کی اصلاح کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ ان کا شکوہ تھا کہ پوسٹل سروسز کو کبھی سرپرستی نہیں مل سکی۔

انہوں نے کہا تھا کہ دیہی علاقوں سمیت ملک بھر میں پاکستان پوسٹ کا نیٹ ورک سب سے بڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  13 ہزار ڈاکخانوں اور 93 جی پی اوز عوام کو سہولیات فراہم کررہے ہیں اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی سرگرم ہیں۔

ڈی جی پوسٹل سروسز نے اعلان کیا تھا کہ ای منی ٹرانسفر اور دیگر اسکیمز جلد لا رہے ہیں۔

50 ہزار روپے کے منی آرڈر کی فیس 550 روپے ہو گی۔ ملک کے 20 بڑے شہروں میں ایک ہی دن پارسل اور ڈاک پہنچانے کی سروس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت آدھا کلو وزن پر 150 روپے فیس رکھی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں