مری کا نومبر میں سردی کا 51 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

موسمی اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، ماہرین موسمیات نے بدھ کے روز بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں بدھ کے روز علی الصبح دھند چھائی رہی۔ آئی آئی چندریگرروڈ،صدر، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ،نیشنل ہائی وےاورملیرکےمختلف مقامات شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے جب کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ ایک کلو میٹر ہے۔

کراچی میں آج درجہ حرارت کم سے کم 21 اور زیادہ سے زیادہ  34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں آج دوسرے بھی بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہیں جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا درجہ حرارت کم سے کم 12 اور زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ، بہاولپور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں پٹن 07، چراٹ ، دیر 02، پنجاب میں رحیم یار خان 03، کامرہ 02، اسلام آباد، سیا لکو ٹ اورمری 01، کشمیرمیں راولاکوٹ 04، گڑھی دوپٹہ02، کو ٹلی، مظفر آباد01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مری میں سردی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

دوسری جانب  ملکہ کوہسار مری میں نومبر میں سردی کا 51 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

ملکہ کوہسار مری میں آج نومبر کے مہینے میں 14 نومبر دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت صرف 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق 3 نومبر 1967 کو مری میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو آج کے دن ٹوٹ گیا۔


متعلقہ خبریں