منی لانڈرنگ اقامہ کی چھتری تلے ہوئی، چوہان



لاہور: پنجاب کے وزیربرائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ماضی میں منی لانڈرنگ، لوٹ مار اور کرپشن اقامہ کی چھتری تلے ہوئی ہے، اقامہ لوٹ مار کا ذریعہ ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکمران اس لیے اقامہ لیتے ہیں کیوں کہ تحقیقات میں وہ پاکستانی نیشنل نہیں رہتے۔

فیاض الحسن چوہان نے الزام لگایا کہ ماضی میں پاکستان کی قیادت خود منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث رہی ہے اس لیے سات سو ارب کی کرپشن اور پانچ سو جعلی اکاؤنٹ نہیں پکڑے جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی والے آصف علی زرداری کی بیڈ گورنس کا غصہ حکومت پر نکال رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے 10 سال میں کرپشن، کیک پیکس، بھتہ اور منی لانڈرنگ سے پیسہ جمع کیا ہے۔

پنجاب کے وزیراطلاعات نے کہا کہ اب وہ دور گیا جب اداکاراؤں کی مدد سے منی لانڈرنگ کی جاتی تھی۔

فیاض الحس چوہان نے کہا کہ آصف علی زرداری کی وجہ سے پی پی 350 ووٹوں کی جماعت بن کر رہ گئی ہے اور پنجاب میں ان کی مقبولیت ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 25 افسران نے نیب کے ساتھ پلی بارگین کی اور پی پی حکومت نے انہیں پھر نوکریوں پر رکھ لیا ہے اور یہ پی ٹی آئی حکومت پر کرپشن کا الزام لگا رہے ہیں۔

وزیراطلاعات برائے پنجاب کے بیان پر ردعمل میں آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ فیاض چوہان کی حیثیت نالالئی کی مینڈکی سے زیادہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیاض چوہان علیمہ خان کی صفائی دیں علیمہ خان کے پاس بیرونی ملک پراپرٹی خریدنے کیلئے پیسہ کہاں سے آیا۔

عامر فدا پراچا نے کہا کہ آصف زرداری پر الزام تراشی کرکے حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان اب پارلیمنٹ میں آنے سے گھبراتے ہیں۔


متعلقہ خبریں