نیا پاکستان کالنگ، اوورسیز پاکستانیوں کو رجسٹریشن کی دعوت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (اوپی ایف)  نے وزارت خارجہ اور وزارت اوورسیز و انسانی وسائل کی ترقی کی رہنمائی کے تحت ایک آن لائن ویب پورٹل “نیا پاکستان کالنگ” تیار کر لیا  ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کیا۔

افتتاحی تقریب کے بعد زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں جو لوگ باہر ہیں وہ ملک میں واپس آکر کام کریں، ہم اس مقصد کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، ہم نے انہیں ملکی ترقی میں شامل کرنے کے لیے نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل کا افتتاح کیا ہے۔

نیا پاکستان کالنگ

“نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل” اقتصادی ترقی کو بحال کرنے کے لیے وزیر اعظم کے 100 دن ایجنڈا کا تسلسل ہے۔ پورٹل میں بیرون ملک پاکستانی اپنے آپ کو رجسٹر کرا کے شراکت حاصل کرسکتے ہیں۔

او پی ایف کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے افتتاحی خطاب میں دعوت دی کہ قابل ذکر غیر ملکی پاکستانی پاکستان کی بہتری کے لیے حصہ لیں، اس پہل کو غیر ملکی پاکستانیوں کے لئے ایک پلیٹ فارم بنا لیا گیا ہے۔

اوورسیز پاکستانی اوپی ایف کے ویب پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹر کر کے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر عوامی شعبے کے اداروں، حکام، کمیشن، وغیرہ کے بورڈ کے ارکان کے طور پر پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں