سینیٹ اجلاس،فواد چوہدری کی پھر اپوزیشن پر تنقید


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس بات کا جواب کون دے گا کہ بلوچستان کے لیے مختص فنڈ کہاں گئے؟

انہوں نے سینیٹ اجلاس میں تقریر کے دوران اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کے شریفوں، زرداریوں اوراچکزئیز نے بلوچستان کو لوٹا، بتایا جائے آخر اب تک بلوچستان کے مسائل جوں کے توں کیوں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اینڈ کمپنی نے اس ملک کے ساتھ کیا کیا ہے کسی کے پاس کوئی جواب ہے۔ بلوچستان کی گزشتہ حکومت بتائے کہ اس صوبے کے کھربوں روپے کہاں گئے۔

وفاقی  وزیر اطلاعات و نشریات نے یہ تجویز بھی دی کہ معاشی دہشت گردی کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے سینیٹ کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کئی طبقے پاکستان کے خلاف باتیں کرتے ہیں جو کسی طرح بھی مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سر پر ایک مافیا بیٹھا ہوا ہے اور ایسا مافیا جس نے فرید گنج شکر کی زمین تک کو نہیں بخشا۔ اس صورت حال پر ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ کرپشن کی بات نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن روز کہتی ہے کہ وزیراعظم بھیک مانگتے ہیں لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ دس سالوں میں جو کچھ پاکستان کے ساتھ کیا ہے، اس کا کیا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ برا کرنے والوں کو بےنقاب کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے لیڈر سے متعلق بات کرنا چھوڑ دی جائے اور ا سکے بعد  یہ ایوان ٹھیک چلے گا۔


متعلقہ خبریں