بیکن، سٹی اسکول کی رجسٹریشن منسوخ


کراچی: پرائیویٹ اسکول سسٹم کے دو معروف تعلیمی اداروں کے خلاف محکمہ تعلیم سندھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سٹی اسکول اور بیکن ہاؤس اسکول کی رجسٹریشن معطل کر دی۔

ذرائع کے مطابق فیسوں کے معاملے پر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر سٹی اسکول کے 56 کیمپسز اور بیکن ہاؤس اسکول کے 65 کیمپسز کی رجسٹریشن معطل کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے دونوں تعلیمی اداروں کو پانچ خطوط لکھے لیکن انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔

نوٹس کے مطابق سات روز میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہوا تواسکولوں کی رجسٹریشن بحال ہوجائے گی لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو اسکولوں کو سیل کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ طالب علموں کی جانب سے احتجاج کے بعد رواں سال کے آغاز میں سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے چارنجی اسکولوں کو فیس میں اضافے اور لیٹ فیس چارجز کی وصولی سے روک دیا تھا۔

ان اسکولوں میں بیکن ہاؤس اسکول سسٹم، فاؤنڈیشن پبلک، ہیڈ اسٹارٹ اور سٹی اسکول شامل تھے۔

عدالتی حکم کے مطابق جب تک حکومت کی جانب سے کوئی نئی پالیسی نہیں لائی جاتی اس وقت تک مذکورہ اسکول فیس میں اضافہ نہیں کرسکیں گے۔

عدالت کی جانب سے حکومت کے اس نوٹیفکیشن کو بھی کالعدم قراردے دیا گیا جس میں نجی اسکولوں کو پانچ فیصد فیس بڑھانے کی اجازت دی گئی تھی۔

گذشتہ برس 200 سے زائد والدین نے عدالت عالیہ میں درخواست دائرکی تھی کہ نجی اسکولوں کی جانب سے فیس میں بے حد اضافہ کردیا گیا ہے، جو ناقابل استطاعت ہے


متعلقہ خبریں