بلوچستان کے دو حلقوں میں ضمنی انتخاب، پولنگ جاری

ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخاب آج ہو گا

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع دکی کی ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب آج ہو رہا ہے۔

بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 258 میں 23 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 5 میں 75 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولنگ کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، فرنٹیئر کانسٹیبلر (ایف سی) اور لیویز کے دو ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ پولنگ اسٹیشنز پر چار چار سی سی ٹی وی کیمرے  بھی نصب ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 5 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

حلقہ این اے 258 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 52 ہزار579 ہے جس میں سے 30 ہزار 34 مرد اور 22 ہزار 545 خواتین ووٹرز شامل ہیں جب کہ ایف سی، پولیس اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس میں تین کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 میں مسلم لیگ نون کے سردار یعقوب ناصر، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے مولانا امیر زمان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار اسرار ترین کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 5 میں ایم ایم اے کے سردار یحیٰی ناصر، بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار محمد ناصر اور آزاد امیدوار سردار مسعود علی مدمقابل ہیں۔

عام انتخابات 2018 میں حلقہ این اے 258 سے سردار اسرار ترین اور حلقہ پی بی 5 دکی سے سردار مسعود علی خان لونی کامیاب ہوئے تھے تاہم مخالفین نے دھاندلی کے الزامات لگا کر انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں انتخابات کو کالعدم قرار دے کر 15 نومبر کو دوبار انتخاب کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔


متعلقہ خبریں