فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ساہیوال میں وکلا کی ہڑتال

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے اضلاع فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ساہیوال میں علاقائی بینچ کے قیام کے لیے وکلا کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے اور وکلا نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے اعلان تک عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ وکلا کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تین بار ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال بینچ قائم نہیں کیا جا رہا ہے۔

فیصل آباد میں گزشتہ روز وکلا نے احتجاج کے دوران سیشن کورٹ میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

گوجوانوالہ میں بھی علاقائی بینچ قائم کرنے کے لیے وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا ہے اور آج دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے جب کہ گزشتہ روز وکلا نے سیشن کورٹ کے داخلی راستوں کو تالے لگا دیئے تھے۔

گوجرانوالہ بار ایسی ایشن کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ گزشتہ 30 سال سے ہائی کورٹ کے علاقائی بینچ کے لیے احتجاج کر رہے ہیں اور اب جب تک بینچ کا قیام نہیں ہو جاتا احتجاج جاری رہے گا۔

ساہیوال میں بھی بار ایسوسی ایشن نے بینچ نہ بنائے جانے کے خلاف ہڑتال کر رکھی ہے اور وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔ وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالت آنے والے سائیلیں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں