وزیراطلاعات نے معافی نہ مانگی تو داخلے پر پابندی، چیئرمین سینیٹ



اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دی ہے کہ وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے اپنے رویے پر معافی نہ مانگی تو جاری سیشن میں ان کے داخلے پر پابندی لگادیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو سینیٹر شیری رحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراطلاعات اپنے رویے پر معافی مانگیں نہیں تو ہم دیکھتے ہیں ایوان کیسے چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزرا ہر وقت چور اور ڈاکو کہتے رہتے ہیں اس طرح رویہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا کہ سیاسی بدمزگی کا علاج ہمارے پاس نہیں ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراطلاعات فواد چوہدری آتے ہیں اور ایوان کا ماحول خراب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قائد ایوان کا احترام کیا، وزیراطلاعات آتے ہیں اور ایوان میں آگ لگا دیتے ہیں، یہ وزیر ہیں یا غنڈہ پالا ہوا ہے۔

اپوزیشن نے فواد چوہدری کے خلاف ایوان سے واک اوٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وزیراطلاعات معافی نہیں مانگتے ہم ایوان میں نہیں بیٹھیں گے۔

اپوزیشن کے واک آؤٹ کے ساتھ ہی کورم کی نشاندہی کی گئی اور کورم پورا نہ ہونے پر پانچ منٹ کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں لیکن کورم پورا نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی 30 منٹ کے لیے معطل کردی گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں بھی چیئرمین سینٹ کی رولنگ پر مشاورت ہوئی۔

وزیراعظم نے وزیر دفاع پرویز خٹک کو حکم دیا کہ  چیئرمین سینٹ سے رابطہ کرکے مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کسی کو وزرا کی تضحیک کا حق نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں