عافیہ کو پاکستان واپس لانے کی کوشش کریں گے، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری  نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں  نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک قید پاکستانی قیدیوں کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ قیدیوں کو ہرممکن قانونی معاونت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈنمارک سے پاکستان آنے والی بچیوں کے معاملے پرعدالتی حکم کا احترام کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 100 دن میں جو کام کیے ہیں، تاریخ میں کوئی حکومت اس کے قریب بھی نہیں پہنچی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے  پرحاصل ہونے والی کامیابیوں وزیراعظم عمران خان 29 نومبر کو عوام کو آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس پی طاہر داوڑ کے حوالے سے صورتحال کنفیوژن کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے تفصیلات لے کر آگاہ کریں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ’سرمایہ پاکستان کمپنی‘ بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں حکومتی اداروں کی بہتری کے لیے بھی بورڈ بنایا جا رہا ہے جس میں تین وفاقی وزرا بورڈ کا حصہ ہوں گے اوربورڈ آف گورنرز میں سات لوگ نجی شعبے سے لیے جائیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ بیوروکریٹس کی تقرری کے حوالے سے کابینہ میں بات ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیوروکریٹس کی تعیناتی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیوروکریسی کے حوالے سے مؤقف واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہیں۔

ایک سوال پر وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ بیوروکریسی کو سیاسی اثرورسوخ سے بچانا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیوروکریٹ کی تعیناتی ان کی کارکردگی سے جڑی ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹس کی بحیثیت وفاقی سیکریٹری چھ ماہ کے لیے تعیناتی کی جائے گی، کارکردگی بہتر ہوئی تو اڑھائی سال کے لیے مزید لگایا جائے گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ ارباب شہزاد، پرویز خٹک، شیخ رشید اور خسرو بختیار پر مشتمل  کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو بیوروکریٹس کی مدت ملازمت کے متعلق فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیاس خان کو پی ٹی ڈی سی کا تین ماہ کے لیے چارج دیا گیا ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ معیشت، ماحولیات اور گورننس سمیت دیگر شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی 193 کمپنیاں مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ اداروں کی بحالی کے لیے انقلابی اقدام کیے جا رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں