پی ٹی آئی کو ہم پرمسلط کیا گیا، مشاہد اللہ خان


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ اپوزیشن کے ووٹ ٹوٹ کرحکومت کی طرف جاتے ہیں لیکن اب اس کے برعکس ہورہا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقارسے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے نتائج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کو ہم پرمصلط کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جانب سے اتنی جلدی ردعمل کی امید نہیں تھی لیکن ردعمل نظر آرہا تھا۔

عام انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آخری دنوں میں ہمارے جلسوں میں لوگوں کا سمندر ہوتا تھا جبکہ تحریک انصاف کی کرسیاں خالی پائی جاتی تھیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگربلاول بھٹو کو موقع دیا جائے تو وہ تبدیلی لاسکتے ہیں کیونکہ ان کے خون میں سیاست شامل ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی سیاسی اعتبار سے نئے ہیں کیونکہ انہیں اس میدان میں آئے ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شریف خاندان خاموش نہیں ہے، ہمارا ایک ہی لیڈر ہے اور نواز شریف صرف ہمارے نہیں پورے خطے کے لیڈر ہیں، نوازشریف کا ایک بیانیہ ہے جبکہ شہباز شریف کی سوچ ان سے مختلف ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئے دن مایوس کر دینے والی حرکتیں کرتی ہے، یہ لوگ احتساب کی بات کرتے ہیں جبکہ انہون نے خود پانچ  سال کے پی میں احتساب کمیشن بند رکھا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ پرویز مشرف نے بنایا اوراس کا اصل مقصد سیاسی انتقام لینا تھا جس کے لیے اس کو آج تک استعمال کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں