جاوید اختر لاہوریوں کی محبت کے مشکور

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: بھارتی مصنف اور شاعر جاوید اختر نے لاہوریوں کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور بھارت کی مشترکہ انڈسٹری کے خواہاں ہیں۔

اپنی اہلیہ شبانہ اعظمی کے ہمراہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر کا کہنا تھا کہ لاہور آکر بہت اچھا لگا۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت سے آنے والے اداکاروں کے لیے پیش پیش رہنے کی ہدایات کی ہیں۔

لاہور میں بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور مصنف جاوید اختر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بھارتی اداکار شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر جاوید اختر فیض فیسٹیول میں شرکت کے لیے لاہور آئے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات  نے کہا کہ اداکاروں سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات پر بات چیت ہوئی ہے، جاوید اختر نے  پاک بھارت فلم انڈسٹری کو مشترکہ طور پر کام کرنے پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی انتہاپسندی نہیں، ہم بھارت سے آنے والے ہر شخص کا کھلے دل سے استقبال کریں گے۔

گزشتہ روز شبانہ اعظمی اور جاوید اختر نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

واضح رہے کہ تین روزہ رنگارنگ فیض انٹرنیشنل فیسٹیول آج لاہورمیں شروع ہورہا ہے، معروف اداکارہ شبانہ اعظمی اور شاعر جاوید اختر سمیت مختلف ملکوں سے آئی نامور شخصیات میلےکی رونقیں بڑھائیں گی۔ 


متعلقہ خبریں